دل کی بات ہے

دل کی بات ہے۔

دل چاہے تو حرام، حرام۔

دل مانے تو سب حلال۔

جان چھڑانی ہو تو استخارہ

ورنہ ہر بات گوارا۔

ایک طرف جائز طلاق

دوسری جانب ناجائز نباہ۔

اپنے لیے آزمائش

دوسروں کے لیے مکافات۔

انجان کا اچانک چھونا اچھا لگے تو راحت

نہ لگے تو حراسانی کی قباحت۔

پسندیدہ شخص کا شرک بھی توحید

ورنہ تو مومن کا جہاد بھی فساد۔

مردہ شہید۔

شہید مردہ۔

دل بھر جائے تو بیڑہ غرق

نہ بھرے تو مسلسل اذیت۔

دل کی بات ہے۔

میری آزمائش، تمہاری سزا۔

میری نماز، تمہاری ٹکریں۔

میری جنت، تمہاری دوزخ۔

بات

یہ دیس ہمارا ہے نا؟

ہم بات کر سکتے ہیں۔

لیکن ہم بات نہیں کر سکتے۔

اور ہم بات کر بھی نہیں رہے۔

مجھے بات کرنی ہی نہیں ہے۔

نہیں۔

میں نہیں مرا۔

وہ مرا ہے۔

میں نہیں جلا۔

وہ جلا ہے۔

میں نہیں ٹوٹا۔

وہ ٹوٹا ہے۔

اس نے تعلق نہیں توڑا۔

میں نے توڑا۔

یہ جوتے کے تسمے سے بندھا دیس

یہ دیس میرا ہے نا؟

میں بات کر سکتا ہوں۔

لیکن میں بات نہیں کر رہا۔

مجھے بات کرنی ہی نہیں ہے۔

اشارہ

شاید،الیکشن آ رہا ہے۔

بکواس نظریوں پر بکواس ہو گی۔

روز بحث ہو گی۔

جلسے ہونگے۔

روز جلسے ہونگے۔

لوگ جھلسے ہونگے۔

آپ کا دوست چ بن جائے گا۔

اور چ آپ کا دوست بن جائے گا۔

آپ وہ خود بن جائیں گے۔

خودی سے آگے نکل جائیں گے۔

آپ کی گنتی نہیں۔

آپ کے ووٹ کی بھی گنتی نہیں۔

آپ کی نسلیں بھی گنتی میں نہیں۔

تو آپ ٹھنڈ رکھیں۔

,اور سکون نہیں ہے تو ہمت کریں

تاریخ پڑھیں اور سوچیں

پھر درست جانب اشارہ کریں

لیکن پہلے استخارہ کریں۔